کراچی: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی "رحمتِ عالم ﷺ کانفرنس" میں خصوصی شرکت و خطاب
تاجدارِ کائنات ﷺ کی پیروی ہی ہر کامیابی کا سرچشمہ ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
کراچی کے علاقے گلشن حدید میں منعقدہ "رحمتِ عالم ﷺ کانفرنس" میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔ کانفرنس میں مشائخ و علماء کرام، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات اور عوام الناس (مرد و خواتین) کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تاجدارِ کائنات ﷺ کی ذاتِ اقدس کی پیروی ہی ہر کامیابی کا سرچشمہ ہے۔ دین و دنیا کی فلاح کا دارومدار حضور نبی اکرم ﷺ سے محبت اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے۔ انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ وہ ہر حرام چیز سے اجتناب کریں اور حلال کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ اللہ کی رحمت حاصل ہو۔
انہوں نے درود و سلام کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درود شریف کی کثرت نہ صرف دنیا میں سکون اور برکت کا ذریعہ ہے بلکہ آخرت میں بھی جنت کے راستے کو آسان بنا دیتی ہے۔ مزید برآں، ہر مسلمان کو چاہیے کہ اپنی زندگی کا کچھ حصہ دین کی خدمت کے لیے وقف کرے اور اسلامی تعلیمات کو عملی طور پر اپنانے کی کوشش کرے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا بنیادی مقصد لوگوں کے دلوں میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کو بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے حاضرین کو ترغیب دی کہ وہ اس عظیم مشن سے جڑ کر اپنی زندگی کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی رضا کے لیے وقف کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلامی تعلیمات انسانیت سے محبت، خیر خواہی اور دوسروں کی مدد کا درس دیتی ہیں، جنہیں ہمیں اپنی عملی زندگی میں اپنانا چاہیے۔
کانفرنس کے اختتام پر ملکِ پاکستان اور امتِ مسلمہ کی سلامتی، ترقی، استحکام اور اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کانفرنس کے شاندار انعقاد پر تمام منتظمین کو مبارکباد دی۔
کانفرنس میں مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین، صدر منہاج القرآن کراچی مسعود احمد عثمانی، ناظم عتیق احمد چشتی، راؤ محمد طیب، مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا عبدالوحید، علماء کرام اور مشائخ عظام جن میں علامہ محمد اکرم سعیدی (ناظم اعلیٰ جماعت اہلسنت سندھ)، مفتی محمد مکرم خان قادری، صوفی گلزار، علامہ اسلم الرحمن حسینی، علامہ قاری محمد رمضان، صوفی خالد اقبال، سید مصباح الرحمن حسینی، علامہ محمد اسلام، ڈاکٹر محمد اسحاق مصطفائی، ڈاکٹر محمد عمران گھمن، ڈاکٹر محمد شوکت، علامہ سید وسیم الحق، محمد طفیل، پیر لیاقت علی شاہ، چودھری محمد حسین، عبدالغفار سمیت متعدد سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنما بھی شریک تھے۔
تبصرہ